برمنگھم (آئی این پی) پاکستان کی کرکٹ ٹیم بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2بجکر 30منٹ پر برمنگھم میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے لئے اب میگا ایونٹ کا ہر میچ فائنل میچ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور اب پاکستان کو ٹائٹل کے حصول کے لئے فائنل میچ سمیت ہر میچ جیتنا ضروری ہوگیا ہے۔
میچ میں شرکت کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں برمنگھم پہنچ چکی ہیں۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے۔ شاہین بدھ کو انتہائی اہم میچ میں کیویز کے خلاف نبردآزما ہونگے۔نیوزی لینڈ اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست اور پوائنٹس ٹیبل پر 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔پاکستان نے اپنے گزشتہ میچ میں جنوبی افریقا کو 49رنز سے ہرایا تھا۔جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی پوزیشن ساتویں ہے۔واضح رہے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد پاکستان ورلڈ کپ میں مزید 2میچز کھیلے گا ۔جن میں اس کا مقابلہ افغانستان اور بنگلادیش سے ہوگا۔