لاہور(لاہور نامہ ) چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ کسانوں کیلئے زرعی کریڈٹ کارڈ کا اجراءکیا جائے گا، ایل ڈی اے جو ریونیو قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سے اکٹھا کرے گا، وہ انہی اضلاع پر خرچ ہوگا۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے۔ پنجاب میں بائیو گیس سے پلانٹ لگانے کے مواقع موجود ہیں اور ہماری حکومت بائیو گیس پلانٹس لگانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہاکہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیںاور قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا خیانت ہے۔
ہم سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں۔ سابق دور میں عام انتخابات سے قبل حلقوں کیلئے جاری ہونے والے اربوں روپے کے فنڈز اور ان کے استعمال کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہوگی۔کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے اورعوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اور انتظامیہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں گے- پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا اورسیوریج کے نظام اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے۔