اکنامک زونز

سپیشل اکنامک زونز سے متعلق مسائل کو وسیع تر قومی مفاد میں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے‘ یوسف نسیم کھوکھر

لاہور(این این آئی )چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز کو بجلی کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میںوفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن ،صوبائی محکمہ صنعت،توانائی کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، سی ای او لیسکو سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ صنعتی ترقی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،صنعت کا پہیہ گھومنے سے ملک ترقی کی راہ پر گا مزن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی صنعتی ترقی ملک کے اقتصادی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو گی۔پنجاب حکومت صنعتکاروں، سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریگی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز سے متعلق مسائل کو وسیع تر قومی مفاد میں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ متعلقہ محکموں کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ سپیشل اکنامک زونز کو درکار بجلی کی فراہمی کیلئے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔