لاہور( این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتارپارٹی کے مرکزی رہنما ر انا ثنا اللہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ۔
ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ۔ مریم نواز نے کہا کہ آپ کو نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی جارہی ہے ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں اور گھبرایا نہیں ، ڈٹ کر ان ہتھکنڈوں کا مقابلہ کروں گا۔
مریم نواز نے بتایا کہ وہ اتوار کے روز فیصل آباد میں ریلی سے خطاب کریں گی ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آپ فیصل آباد کی ریلی دیکھیں گی تو باقی ریلیاں بھول جائیں گی ۔ذرائع کے مطابق مریم نواز فیصل آباد دورہ کے موقع پر رانا ثنا اللہ کی رہائشگاہ پر بھی جائیں گی۔