ٹریننگ کالج

صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ کا فیصل آباد ٹریننگ کالج کا دورہ

لاہور(لاہور نامہ) صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ نے فیصل آباد ٹریننگ کالج کا دورہ کیا۔انہوں نے سٹاف کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق تربیتی کورسز کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر کو اس بارے میں فیصل آباد ٹریننگ کالج کوآپریٹو کے پرنسپل صابر حسین بھٹی نے بریفنگ دی۔مہر محمد اسلم نے کالج کے احاطے میں پودا لگا کر باقاعدہ محکمہ امداد باہمی کی جانب سے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔بعد ازاں انہوں نے کالج میں قائم حاجی کیمپ کا دورہ بھی کیا۔صوبائی وزیر نے حاجیوں کوحکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اورحاجی صاحبان سے اس بارے میں پوچھا جس پر حاجیوں نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر مہر محمد اسلم بھروانہ نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کا تدارک کیا جائے۔اس ضمن میں ہر شعبہ حیات کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں۔ہر سیکٹر سے تعلق رکھنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے تاکہ درست اعدادو شمار کے تحت ملک و قوم کی فلاح کے لیے پالیسیاں بنا کر ملک کو ایک دفعہ پٹڑی پر چڑھا دیا جائے۔سابقہ حکومتوں نے سسٹم کو اپنی مرضی و منشا کے مطابق ڈھال کر اسے اپنی باندی بنائے رکھا جس سے پارٹیوں کے ورکرز تو فائدے اٹھاتے رہے لیکن عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہ تھا۔ترقی یافتہ ممالک میں ہر چیز سے متعلق ہی قبل از وقت منصوبہ بندی اور ایک ایک پائی کی جمع تفریق پہلے ہی سے کر لی جاتی ہے۔ہمارے ملک میں ایسا کوئی سسٹم نہیں۔تمام چیزوں کو سٹریم لائن کرنے کے لیے اب اعدادو شمار اکٹھے کیے جارہے ہیںتاکہ عوام کو حکمت عملی کے تحت بنے سسٹم کے ثمرات نصیب ہوسکیں۔