اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ او آئی سی کا مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنا ظالم اور قانون شکن بھارت کی ایک اور شکست ہے، مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے اعادہ پر او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کا قتل عام مہذب دنیا کا امتحان ہے۔ بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کا جمہوری حق استصواب رائے کچل نہیں سکتا۔
کشمیریوں کا ساتھ دے کر عالمی برادری کو جمہوریت سے اپنی وابستگی کا عملی ثابت دینا ہوگا۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔
بھارت نہ بھولے کہ حق پر کھڑی قوم کو کوئی بندوق، کوئی ظلم اور کوئی سازش شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا بھارتی مظالم کے خلاف مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی عالمی برادری کے لئے پیغام ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے فوری اور موثر کردار ادا کرے۔
او آئی سی نے گواہی دی ہے کہ ایل او سی پر بھارتی فوج بے گناہ شہریوں پر ممنوعہ کلسٹر ہتھیار استعمال کررہا ہے جس کا اقوام متحدہ، امن پسند اور مہذب اقوام کو نوٹس لینا چاہیے۔ او آئی سی کا مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنا ظالم اور قانون شکن بھارت کی ایک اور شکست ہے۔