لاہور (لاہور نامہ) ماضی کے مشہور اداکار اور لالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کا 36 واں یوم وفات منایا گیا، وحید مراد2 اکتوبر 1938 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔
وحید مراد فلم تقسیم کار نثار مراد کے اکلوتے بیٹے تھے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی ہیرو کو اتنی پذیرائی حاصل نہیں ہوئی جتنی وحید مراد کے حصہ میں آئی۔ وحید مراد کا ہر اندازنرالا تھا اور فلم میں کردار جاندار تھا۔پروڈیوسر کے طور پر وحید مراد نے اپنے والد کے قائم شدہ فلم آرٹس کے تحت فلم "انسان بدلتا "ہے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
اس کے بعد انہوں نے فلموں میں اپنے اداکاری کے جوہر دکھائے اور بطور اداکار وحید مراد کی پہلی فلم "اولاد”اگست 1962میں ریلیز ہوئی جس میں وحید مراد نے بطور سپورٹنگ ایکٹر اپنا کردار ادا کیا ۔
1964 میں”ہیرا پتھر“خود پروڈیوس کی اور مرکزی کردار ادا کیا۔ ان فلموں کے منظر عام پر آنے کے بعد وحید مراد کی بہترین ادکاری نے انہیں بے انتہا مقبولیت دی ۔ وحیدمراد کی1966 میں بنے والی فلم "ارمان” نے باکس آف کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔
چاکلیٹی ہیرو کو اصل شہرت اپنی ذاتی فلم ہیرا اور پتھر سے حاصل ہوئی جبکہ وحید مراد کو پاکستان کی پہلی پلاٹینیم جوبلی فلم "ارمان”کا فلم ساز، مصنف اور ہیرو ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔وحید مراد نے124فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں ایک پشتو اور آٹھ پنجابی فلمیں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے فلم” سمندر”اور "اشارہ”میں اپنی آوازکا جادو بھی جگایا،1980 میں وحید مراد ایک حادثے کا شکار ہوگئے جس کی وجہ سے ان کا چہرہ شدید زخمی ہوگیا اور پلاسٹک سرجری کرانا پڑی اور 23 نومبر1983 کو صرف45 برس کی عمر میں فلم انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ خالق حقیقی سے جا ملے۔