لاہور ( لاہور نامہ)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیس افسران و اہلکار اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیرصوبے کے تمام اضلاع میں فرنٹ لائن پر مصروف عمل ہیں اورفیلڈ افسران خود اپنی نگرانی میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے جاری کی گئی حکومتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنا رہے ہیں تاکہ اس وباء کے پھیلاؤ کو ہر ممکن حد تک محدود کیا جاسکے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا وبا ء کے خاتمے کیلئے مختلف اداروں کا مشترکہ تعاون اور باہمی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں اور انہی کاوشوں کی بدولت پاکستانی قوم بہت جلد کورونا بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے شہریوں کا ذمہ دارانہ رویہ اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد نہایت ضروری ہے اور اس حوالے سے پولیس فورس شہریوں کی حفاظت اور راہنمائی کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں اُخوت فاؤنڈیشن کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی اور ڈی آئی جی ویلفیئر شارق کمال صدیقی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر امجد ثاقب کی جانب سے بھجوائے گئے اُخوت فاؤنڈیشن وفد کی قیادت محمد ابو بکر نے کی۔ دوران ملاقات محمد ابو بکر نے اُخوت فاؤنڈیشن نے کورونا وباء کیخلاف پنجاب پولیس کی قربانیوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کوروناکے خلاف جدوجہد میں پنجاب پولیس کاعزم و حوصلہ اور جذبہ دیگر اداروں کیلئے قابل تقلید ہے۔
اس موقع پر انہوں نے اُخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے پولیس ملازمین کے استعمال کیلئے 18ہزارحفاظتی ماسک فراہم کئے۔
آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے حفاظتی سامان کی فراہمی پر اُخوت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے مختلف پوائنٹس پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کو روزانہ ہزاروں کی تعداد میں فیس ماسک استعمال کرتے ہیں اور اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کئے گئے ماسک پولیس ملازمین کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔