پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن

الخدمت فاؤنڈیشن ،APPNA کے تعاون سے کورونا کے مریضوں کومفت آکسیجن سلنڈرز اور پَلس آکسی میٹر فراہم کرے گی

لاہور ( لاہور نامہ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ،APPNA ( ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ) کے تعاون سے کورونا کے مریضوں کومفت آکسیجن سلنڈرز اور پَلس آکسی میٹر فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار الخدمت کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے الخدمت کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

الخدمت پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی اور الخدمت لاہور کے صدر عبدالعزیز عابد بھی موقع پر موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن امریکہ میں مقیم محب وطن پاکستانیوں کے ادارے اے پی پی این اے کے تعاون سے ملک بھر میں کورونا سے شدید متاثرہ مریضوں کو ان کی دہلیز پر4سو آکسیجن سلنڈرز اور 4سو پَلس آکسی میٹرزفراہم کرے گی،ان کے استعمال کے حوالے سے ساتھ میں معلوماتی مواد تحریری اور ویڈیوزکی صورت میں بھی فراہم کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں لاہور میں50سلنڈرز اور 50پَلس آکسی میٹرز فراہم کئے جائیں گے جبکہ بعد ازاں یہ سلسلہ دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ کورونا کے شدید متاثرہ اور سانس کی تکلیف میں مبتلامریضوں کودورانِ تنفس دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کو فوری طور پر آکسیجن کی فراہمی ناگزیر ہوتی ہے۔

ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافے کی وجہ سے آکسیجن سلنڈرز کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اور جہاں دستیاب ہیں تو وہاں اتنے مہنگے ہیں کہ عام شخص خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔

اس ضرورت کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین کو آکسیجن سلنڈرز اور پَلس آکسی میٹرز ان کی دہلیز پربالکل مفت فراہم کررہی ہے جبکہ مریض کے صحت یاب ہونے پریہ الخدمت کو واپس کردیئے جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ امید ہے کہ ہم اس آزمائش کی گھڑی سے جلد سرخرو ہوکر نکلیں گے۔وطن عزیز سے کورونا وائر س کی وبا کے خاتمے کے بعد تمام تر سلنڈرز اور پَلس آکسی میٹرز مختلف خیراتی ہسپتالوں کو عطیہ کردیئے جائیں گے۔