وزیر اعلی عثمان بزدار

وزیر اعلی عثمان بزدار کی پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت، ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں،تجاویز اور سفارشات پر فوری کارروائی کے احکامات

لاہور( لاہور نامہ) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقی پنجاب کے تمام شہریوں کا حق ہے، ماضی میں ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا-نئے مالی سال کے بجٹ میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا-

پنجاب اسمبلی وزیر اعلی چیمبرمیں ارکان اسمبلی سے ملاقات میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ا رکان اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، انہیں عزت و احترام دیں گے -ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں ارکان اسمبلی کی تجاویز قابل قدر ہیں -وزیر اعلی نے کہا کہ ہر شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا، پنجاب بدل رہا ہے –

پنجاب میں ترقی عوام پر خوشگوار اثرات مرتب کرے گی- عثمان بزدار نے کہا کہ ہر شہری کے مسائل کا ادراک ہے، دل و جان سے ازالہ کرنا چاہتے ہیں – وزیر اعلی نے مزید کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے – پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کا ویژن رکھتی ہے-

پنجاب میں اقلیتی برادری کو تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کررہے ہیں -ارکان اسمبلی نے عوامی امور اور مسائل سے آگاہ کیا-ارکان اسمبلی نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر سفارشات اور تجاویز پیش کیں- وزیر اعلی عثمان بزدار نے ارکان اسمبلی کے امور پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے-

ملاقات کرنے والوں میں پنجاب اسمبلی میں، اراکین اسمبلی محمد منیب سلطان چیمہ، امین اللہ خان، احمد خان، محمد عاطف، محمد امین ذوالقرنین، سعدیہ سہیل رانا، عائشہ نواز، فرح آغا، مہندر پال سنگھ، ہارون عمران گل اور پیٹر گل شامل ہیں –