فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور

وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر اقبال چوہدری کی قیادت میں وفدکی ملاقات

لاہور( لاہور نامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر اقبال چوہدری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی-

اقبال چوہدری نے وزیراعلیٰ کو فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے مسائل سے آگاہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی سابق دور میں روکی جانے والی گرانٹ بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے-

وزیر اعلی نے سیکرٹری اطلاعات پنجاب کوگرانٹ کی بحالی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی- فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی ہر ممکن معاونت کریں گے-آپ کے مسائل کے حل کے لئے میں ہر وقت حاضر ہوں –

انہوں نے کہا کہ سابق دور میں ذاتی پسند و نا پسند کی پالیسی نے ملک کا نقصان کیا-سابق حکمرانوں نے ایسے منصوبے شروع کئے جس کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑا-ماضی کے دور میں سرکاری وسائل کو ذاتی مال سمجھ کر خرچ کیاگیا-ہماری حکومت نے ہر سطح پر بچت اور کفایت شعاری کو فروغ دیا ہے-

سرکاری وسائل کو ایمانداری سے خرچ کررہے ہیں – فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور کے وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے فلاح عامہ کے کاموں کی تعریف کی گئی-

صدر فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور اقبال چوہدری نے کہا کہ آپ نہایت ایمانداری او رمحنت کے ساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں -آپ کا کام خود بولتا ہے-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے وفد میں فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور کے نائب صدر پرویز الطاف، سیکرٹری صداقت مغل، ممبران عمر شریف اور عمران شیخ شامل تھے-سیکرٹری اطلاعات پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے –