گورنر پنجاب

موجودہ حکومت صحت ،تعلیم اور قانون کے نظام کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے ، گورنر پنجاب

اسلام آباد (لاہورنامہ) پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحت ،تعلیم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نظام کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے ،

ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ۔

صحت کے شعبہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک بھر میں طبی رہنمائی مشاورتی نظام کی ضرورت ہے تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے دباﺅ کو کم کیا جاسکے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبہ میں ٹیلی میڈیسن سینٹرز قائم کئے جہاں ڈاکٹرز مفت طبی مشورہ دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سینٹرز سے بھی سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے رش میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ہرممکن کوششیں کر رہی ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی بہبود کے لئے کو ئی کام نہیں کئے ۔