لاہور:کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت مختلف شعبوںمیں ہنر سیکھنے والوں کو مستقبل میں اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کےلئے مالی معاونت کی پالیسی کا اعلان کرے،نوجوانوں کو بیرون ممالک جدید ہنر سکھانے کےلئے سکالر شپ دی جائے اور وطن واپسی پر انہیں مقامی لوگوںکو تربیت دینے کی ذمہ داری سونپی جائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت کے لئے ہر سال لاکھوں نوجوانوں کو پبلک سیکٹر میں نوکریاں دینا ممکن نہیں اس لئے ہنر مند فورس کی تیاری پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کو لاکھوں کی تعداد میں ہنر مند فورس کی ضرورت ہے اور حکومت اس طرف قدم اٹھا کر انتہائی مثبت نتائج حاصل کرسکتی ہے ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں آنے والوںکو جدید ہنر سکھانے کےلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیںاور اس کے ساتھ نئے شعبے بھی متعارف کرائے جائیں گے جس سے انہیںمستقبل میں روزگار کے حصول میں آسانی ہو گی ۔انہوںنے کہا کہ ہم نے دنیا میں کارپٹ مصنوعات کے خریداروں کی پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے عملی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔
