لاہو ر(لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اورقانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے نوجوان پولیس افسران سخت محنت ، ہائی پروفیشنلزم اور جدید پولیسنگ کو اپنا شعار بنائیں.
اورشہریوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے انکی بے لوث خدمت اور تحفظ کیلئے اپنی تمام ذہنی، فکری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کیرئیر کے آغاز پر چیلنجنگ اور دور دراز علاقوں میں پوسٹنگ لیں تاکہ ہرطرح کے حالات میں پولیسنگ کے طریقہ کار سے واقفیت حاصل کرکے پیشہ ورانہ مہارت کی معراج کو پا سکیں اور مستقبل میں آنے والی مشکلات اور نشیب و فرا ز سے باآسانی نبرد آزما ہوسکیں ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس سروس ایک مقدس پیشہ ہے جس میں مظلوم شہریوں کی خدمت کرکے دنیا و آخرت دونوں سنواری جا سکتی ہیں ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ ماتحتوں سے انکی صلاحیتوں سے بڑھ کر پرفارمنس لینا ہی ایک کامیاب سپروائزری افسر کا خاصہ ہے جس کیلئے فور س کے ساتھ نرم گفتاری ، شائستگی ،بہتر رویہ اور موثر سپرویژن بنیادی اہمیت کے حامل ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس کے دورے پر آئے اے ایس پیز کے وفد سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آئی جی پنجاب نے اے ایس پیز کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے ساتھ پبلک سروس ڈلیوری پر بطور خاص توجہ دے رہی ہے
چنانچہ تمام اے ایس پیزاپنے کیرئیر کے آغاز سے ہی اوپن ڈور پالیسی کے ساتھ ساتھ خوش اخلاقی کے کلچر کو اپنا شعار بنائیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ معاشرے سے جرائم کے خاتمے اور اچھی پولیسنگ کیلئے شہریوں کو نوجوان افسران سے بڑی توقعات وابستہ ہیں .
لہذا پولیس افسران کا جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ماڈرن پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا بھی ضروری ہے لہذا اپنی استعداد کار میں اضافے کیلئے وقت کے ساتھ ساتھ جدید تربیتی کورسزاور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دیں.
تاکہ ملک کے کسی بھی حصے میں تعینات ہوں وہاں بہترین پروفیشنل ذمہ دار آفیسر کے طور پر اپنے فرائض سختی سے قا نون کے دائرے کے اند ر رہتے ہوئے سر انجام دیں۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز ذوالفقار حمید نے وفد کے شرکاء کو پنجاب پولیس کی ورکنگ اورجدیدپراجیکٹس کے متعلق بریفنگ د ی اور وفد کے شرکاء کو پنجاب پولیس کی سپیشلائزڈ فورسزاور سروس ڈلیوری میں مزید بہتری کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس جنرل پولیسنگ کے ساتھ ساتھ پبلک سروس ڈلیوری پراجیکٹس پر یکساں توجہ دے رہی ہے اورپولیس خدمت مراکز سے ہر برس لاکھوں شہری ایک ہی چھت تلے14سروسز سے مستفید ہورہے ہیں.
جبکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے فرنٹ ڈیسک،کھلی کچہریاں اور 8787 کمپلینٹ سنٹرشب و روز مصروف عمل ہیں ۔
زیر تربیت افسران نے 8787آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر، مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم سمیت دیگر شعبوں کا دورہ بھی کیااور پنجاب میں امن وامان کی صورتحال اور درپیش چیلنجز کے بارے تفصیلی آگاہی لی ۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، شاہد حنیف، کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری، ایڈیشنل آئی جی کنور شاہ رخ، ڈی آئی جی ٹریننگ، پنجاب، سلیمان سلطان رانا اور اے آئی جی ایڈمن، وقار شعیب سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے اختتام پرآئی جی پنجاب انعام غنی اور وفد کے سربراہ کے مابین اعزازی سووینئیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔