ملتان (لاہورنامہ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی صفوں میں مایوسی پھیل چکی ہے ،
اپنے کارکنوں کو تسلی دینے کیلئے وہ جلسے منعقد کررہے ہیں ،
بھارت افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں ایک سپلائیلر کا کر دار ادا کررہا ہے ، برطانوی پارلیمنٹرینز نے واضح کر دیا ہے کہ یہ عالمی سطح پر متنازعہ مسئلہ ہے ، یہ یقیناً ہمارے سفارتی نقطہ نظر کی بہت بڑی کامیابی ہے۔
وہ گزشتہ روز ملتان میں نجی میڈیا گروپ کے زیر اہتمام سرائیلی مشاعرہ سے خطاب ، وفود سے گفتگو اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کا نقطہ نظر تبدیل ہوگیا ہے جو باتیں ہم گزشتہ دو سال سے کہتے چلے آرہے تھے آج دنیا ان کی تائید کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹرینز نے واضح کر دیا ہے کہ یہ عالمی سطح پر متنازعہ مسئلہ ہے ،
یہ یقیناً ہمارے سفارتی نقطہ نظر کی بہت بڑی کامیابی ہے ، یہ امر کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے اس آواز سے ہندوستان کا چہرہ مزید بے نقاب ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے افغانستان میں دیر پاقیام امن کیلئے مصالحانہ کر دار ادا کیا ، وہ افغان سر زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر نے کی مذموم کوشش کررہا ہے ، ہم افغان حکام کو بھی اس صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں اور ان شواہد کو دنیا کے سامنے بھی مسلسل رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نون کے اندر مختلف آراء ہم سے ڈھکی چھپی نہیں ، جے یو آئی دو دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے ، پی ڈی ایم کی صفوں میں مایوسی پھیل چکی ہے ،
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم واضح کر چکے ہیں کہ لٹیروں کو این آر او نہیں ملے گا ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے ۔
انہوں نے کہاکہ شہریوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ان کی دہلیز پر فراہم کر نے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملتان کا سیوریج نظام بوسیدہ ہو چکا ہے جس کی تبدیلی کیلئے دو ارب روپے کی لاگت سے سیوریج سسٹم بچھایا جائیگا
اس منصوبے کے تحت بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی کا عمل شروع ہو چکا ہے ، عوام کو سیوریج نظام کی تبدیلی کے ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی اولین ترجیح ہے ، کوشش ہے ہر یونین کونسل میں کم از کم ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ ضرور لگایا جائے تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہو اور وہ بیماریوں سے بچ سکیں ۔
انہوں نے کہاکہ ہم رہیں یا نہ رہیں یہاں کے باسیوں کو اس کا حق ضرور ملے گا ، تحریک انصاف وفاق کی حامی اور مضبوط فیڈریشن پر یقین رکھتی ہے ، مضبوط انتظامی ڈھانچے اور اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم کیلئے جنوبی پنجاب صوبے کا قیام بہت ضروری ہے ،ماضی کے حکمران اختیارات رکھنے کے باوجود صوبہ تو درکنار سیکرٹریٹ بھی نہ بنا سکے ،
ہم نے سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے ، وسیب کا نمائندہ وبیٹا ہونے پر فخر ہے ، وسیب کی ترقی کیلئے جو کچھ ہوسکا کیا اور کرونگا ، وزیراعظم کو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قائل کیا ۔
وزیر خارجہ نے چیئر مین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ اور ان کی ٹیم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ملتان کے پارکوں کی حالت زار اور ان کی بہتری بارے بات چیت کی ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہاکہ ملتان کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے سبزہ اور شجر کاری نا گزیر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملتان کے پارکوں کو اپ گریڈ کیا جائیگا تاکہ شہری بلا خوف و خطر اور تفریح کے مقصد سے اپنی فیملی کے ساتھ پارکوں میں آئیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملتان میں ایک نیا پارک بنایا جائیگا جبکہ چھ پارکوں کو اپ گریڈ کر کے ان کی حالت میں بہتری لائی جائیگی ان سات پارکوں میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے لائٹس ، واکنگ ٹریک ، پانی کا نظام ، گزیبو لگائے جائیںگے ۔
انہوں نے کہاکہ جلد پارکوں کا وزٹ کر کے ان کی ضروریات کے مطابق فنڈز کی منظوری دونگا ۔ وزیر خارجہ نے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے پی ایچ اے کی خدمات کو سراہا ۔قبل ازیں وزیر خارجہ نے ملتان میں مصروف دن گزارا ۔
دربار حضرت شاہ شمس تبریز گئے جہاں انہوں نے سجادہ نشین مخدوم طارق شمسی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے سید عباس شمسی کی دستا ر بندی کی اس موقع پر مخدوم سید علی مہدی شمسی ، مخدوم زادہ سید ظفر عباسی شمسی ، مخدوم زاد ہ عون عباسی شمسی ، ملک خارور بھٹہ ، عمران گردیزی ، قیصر ہاشمی و دیگر افراد بھی موجود تھے ۔
وزیر خارجہ یونین کونسل 61میں گئے جہاں انہوں نے یونین کونسل کیلئے سٹریٹ لائٹس ، سیوریج اور ٹف ٹائلز کے منصوبوں کااعلان کیا ۔
وزیر خارجہ نے یوسی 22کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر 87لاکھ روپے کے ترقیاتی کاموں کااعلان کیا ۔ وزیر خارجہ نے یوسی 44کا دورہ کیا اس موقع پر منعقدہ تقریب میں انہوں نے ایک کروڑ 20لاکھ روپے کی لاگت سے سیوریج منصوبہ ، ٹف ٹائل اور سٹریٹ لائٹس و صاف پانی کے منصوبے کی فراہمی کا اعلان کیا ۔
شاہ محمود قریشی نے سوئی گیس روڈ پر این اے 156اور این اے 157کی یونین کونسل 44 45اور 56کے عوام کے دیرینہ مطالبے پر کروڑوں روپے کی لاگت سے سلطان پورہ تاچوک غلام محمد والہ تا چاہ ڈھوری والہ سیوریج منصوبہ کا افتتاح کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھااور عرصہ دراز سے زیر التواء تھا میں اس منصوبے کی تکمیل پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور رکن قومی اسمبلی مخدوم زین حسین قریشی کومبارکبا دپیش کرتا ہوں جن کی ذاتی دلچسپی سے یہ منصوبہ منظور ہوا اور اس پر کام کا آغاز ہورہا ہے ۔