جنرل ہسپتال کی طالبات

جنرل ہسپتال کی طالبات ٹائیفائیڈ ویکسین کیلئے ڈیوٹی پر جاتے ٹریفک حادثے کا شکار

لاہور (لاہور نامہ) نرسنگ کالج و الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات کو ٹریفک حادثہ پیش آیا،یہ نرسنگ طالبات ٹائیفائیڈ ویکسین مہم کے سلسلے میں نشتر ٹاؤن کے علاقے میں جا رہی تھیں جہاں پیکو روڈ پر تیز رفتا ر بس اور رکشے کے تصادم میں 6طالبات زخمی ہوئیں .

جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ حادثے کی خبر ملتے ہیں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر جنرل ہسپتال پہنچ گئے .

جہاں انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق اور ڈاکٹرز کے ہمراہ ان زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور اُن کی مناسب دیکھ بھال و معالجے کیلئے فوری طور پر میڈیکل ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کیا .

جس میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شیراز نیازی، قائم مقام پرنسپل نرسنگ کالج اسماء عابد اور نرسنگ سپروائزر انور سلطانہ شامل ہوں گی اور یہ میڈیکل ٹیم ان نرسنگ طالبات کے ہسپتال سے مکمل طور پر صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہونے تک اُن کی مکمل دیکھ بھال اور طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

ان 6نرسنگ طالبات کے جنرل ہسپتال میں سی ٹی سکین،ایکسرے،الٹر ا ساؤنڈ و دیگر ضروری ٹیسٹ عمل میں لائے گئے اور بظاہر ان سب کی حالت خطرے سے باہر قرار دی جا رہی ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے ان طالبات کے والدین سے بھی مکمل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا میڈیکل کے شعبے کا اہم حصہ ہے اور نرسنگ کی ان طالبات کو اپنی ٹریننگ کے دور ان ہی ایسی صورتحال درپیش ہوئی ہے جو اُن کی پیشہ وارانہ زندگی میں دیگر چیلنجوں سے بھی عہدہ برآ ہونے میں معاون ثابت ہوگی۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ نرسنگ طالبات کی نگہداشت اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کیلئے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی علاج معالجے کی نگرانی کریں گے اور ان طالبات کو ہر ممکن میڈیکل سہولیات بہم پہنچائی جائے گی۔انہوں نے زخمی بچیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔