ماسٹر مائنڈ نے پولنگ اسٹیشنز

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ نے پولنگ اسٹیشنز پر جاکر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ہراساں کیا

لاہور (لاہور نامہ)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ نے ڈسکہ میں ہونے والے پولنگ اسٹیشنز پر جاکر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ہراساں کیا۔

ن لیگ کی روائتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دوقیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔رانا ثناء اللہ نے کارکنان کو اشتعال دلایا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر نے انتخابی حلقوں میں افراتفری مچائی۔ پولنگ سٹیشنز کو ن لیگ نے یرغمال بنایااور تصادم کے نتیجہ میں دوافراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

انہوں نے فائرنگ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے انتہا پسندی کے روائتی مزاج کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا۔شہید ہونے والے پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس پرتشدد کیا گیا اور گولیاں چلائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آر او اور ڈی ایم او نے حکومتی امیدوار کے حمایتیوں کو جرمانے کئے جبکہ اپوزیشن کی جانب جان بوجھ کر آنکھیں بند رکھیں۔ن لیگی رہنما پولنگ کے عملے اور سرکاری ملازمین کو دھکیاں دیتے رہے اور ن لیگی ورکرز نے فائرنگ بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے حلقہ سے لائے گئے ڈی ایم او الیکشن کو سبوتاژ کرتے دکھائی دئیے۔الیکشن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف الیکشن کمیشن متحرک کیوں نظر نہیں آیا؟

غنڈوں اور ان کے سہولتوں کاروں کو اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء اور عہدیداران پولنگ اسٹیشنز میں نہیں گھسے۔ حکومت اداروں کو بااختیار بنا چاہتی ہے۔ آزاد الیکشن کمیشن کے منصفانہ کردار کو یقینی بنائیں گے۔حکومت اپنی آئینی اور قانون ذمہ داریاں بطریق احسن انجام دے گی۔