لاہور(لاہور نامہ) سماجی تنظیم نائس ویلفیئر سوسائٹی کی چیف آپریٹنگ آفیسر سائرہ اقبال نے کہا ہے کہ بیوٹی سکِلز خواتین کیلئے بہتر روزگا ر کے حصول کا ذریعہ بن رہی ہیں،میک اپ کی صنعت کی ترقی نے خواتین کیلئے بیوٹیشن کے شعبہ میں ترقی کے شاندار مواقع فراہم کئے ہیں،پر عزم خواتین بیوٹیشن کا شعبہ اختیار کر کے معاشی خوشحالی ممکن بنا سکتی ہیں۔
ورکشاپ کا انعقاد معروف ادارے بائیو کوس کاسمیٹکس کے تعاون سے کیا گیا جس میں ستر سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ورکشاپ میں بائیو کوس کاسمیٹکس کے مارکیٹنگ مینجراور انسٹرکٹر کامران بٹ اور مدیحہ اشرف ہیئر کلر ٹیکنیشن نے خواتین کو ہیئر ٹریٹمنٹ اور فیس ماسک سے متعلق لیکچر دینے کے بعد انہیں پریکٹیکل ٹریننگ دی۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس، شیلڈزاور انعامات تقسیم کئے گئے ۔ شرکاء نے ورکشاپ کے انعقاد کو انتہائی مفید قرار دیا اور آئندہ بھی ایسی ورکشاپس منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
نائس کی فنانس سیکر ٹری بشری اقبال نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور ایمپاورمنٹ کے لئے نائس کی کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی کیونکہ خواتین کی ترقی سے ہی ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔