نیب کی ممکنہ گرفتاری

نیب کی ممکنہ گرفتاری، کیپٹن (ر) صفدر کی عبوری درخواست ضمانت منظور

لاہور( لاہور نامہ) لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی 29مارچ تک عبوری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی ۔ کیپٹن(ر) محمد صفدر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نیب لاہور کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 10مارچ کو طلب کررکھا ہے، آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری نیب پشاور میں بھی زیر التوا ہے،

پشاور ہائیکورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عبوری ضمانت دائر کررکھی ہے،ایک ہی معاملہ پر دو صوبوں میں انکوائری نہیں چل سکتی۔کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ مجھے سیاسی انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،

پہلے پولیس کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمات بھی بھگت رہا ہوں ۔استدعا ہے عدالت نیب لاہور کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ لاہور ہائیکورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کی 29مار چ تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ۔