لاہور(لاہور نامہ) پاکستان تحریک انصاف سمن آباد ٹائون حلقہ این اے 126کی صدر شگفتہ سجاد نے کہا ہے کہ مریم صفدرپے درپے ناکامیوں اورحمزہ شہباز کو ضمانت ملنے کے بعد حواس باختہ ہو چکی ہیں،
مسلم لیگ(ن) قومی سلامتی کے اہم ادارے کومتنازعہ بنا کر اپنی مردہ سیاست کودوبارہ زندہ نہیں کر سکتی ،مریم صفدر عوام کی نہیں آل شریف کے حق حکمرانی کی جنگ لڑرہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان کا نام لے کر ہرزہ سرائی کرنا ملک وقوم کی ہرگز خدمت نہیں بلکہ اس سے ہمارے دشمن بغلیں بجا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاست کو آلودہ ترین کرنے والا ٹھگوں کاٹولہ آج ہمیں اخلاقیات کادرس دے رہا ہے ،
عمرا ن خان ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں اورلٹیروں سے ہاتھ نہیں ملائیں گے،اگر عمران خان نے لٹیروں کے ساتھ ہاتھ ملاناہوتا تو22سال کی طویل اورلازوال جدوجہد نہ کرتے ۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان اورخاتون اول بشریٰ بی بی کی کورونا وائرس سے جلدصحتیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔شگفتہ سجاد نے کہا کہ بائیس کروڑ عوام کی دعائیں وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کے ساتھ ہیں ۔