ملکی ترقی کیلئے خواتین کو ہنرمند

ملکی ترقی کیلئے خواتین کو ہنرمند بنانا وقت کی ضرورت ہے، رخسانہ ظفر

لاہور(لاہور نامہ) نائس ویلفیئر سو سائٹی کے زیر انتظام ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کے تحت ڈومیسٹک ٹیلرنگ، فیشن ڈیزائننگ اور بیوٹیشن کورس کے نویں بیچ کی پاسنگ آئوٹ تقریب کااہتمام کیاگیا،

تقریب کی صدارت ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور کی صدر رخسانہ ظفر نے کی جبکہ مسز زرتاشیہ عمر سینئر نائب صدر گیسٹ آف آنر تھیں۔ تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے مقر رین نے کہاکہ ملکی ترقی کیلئے خواتین کو ہنرمند بنانا وقت کی ضرورت ہے،ہنر مند خواتین ہی گھر کے ساتھ ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں بھی نمایا ں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

نائس ویلفیئر سوسائٹی کا ووکیشنل ٹریننگ پروگرام ملک وقوم کی ترقی کے لئے ایک خوش آئند اقدام ہے انہوں نے فنی مہارت سیکھنے والی خواتین کو روزگا ر شروع کرنے کا اہل بنانے کے اقدام کی تعریف کی اور ایسے پروگرام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس مو قع پرنائس ویلفیئر سوسائٹی کی بانی جنرل سیکرٹری اور چیف آپریٹنگ آفیسر سائرہ اقبال نے کہا کہ نائس ویلفیئر سوسائٹی کا خواتین کو ہنر مند بنانے کا مشن جاری ہے جس سے خواتین کی ایک کثیر تعداد تربیت حاصل کر چکی ہے جو اپنی فنی مہارت سے فائدہ اٹھا کر گھریلو حیثیت کو مضبوط بنانے میں ایک فعال کردار اداکر رہی ہیں۔

تقریب میں کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو سلائی مشینیں اور بیش قیمت بیوٹی پراڈکٹس دی گئیں تاکہ وہ اس ٹریننگ کو استعمال کرتے ہوئے اپنے لئے روزگار کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت بہتر انداز میں کر سکیں۔تقریب میں کورونا سے متعلق حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا گیا۔