ہمایوں اختر خان

تحریک انصاف کا ووٹ بینک کسی کی خواہش پر ختم نہیں ہو سکتا ، ہمایوں اختر خان

لاہور( لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پارٹی کے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی اور تحریک انصاف کا 31فیصد ووٹ بینک کسی کی خواہش پر ختم نہیں ہو سکتا، پاک فوج ملک کیلئے دی گئی قربانیوں کی وجہ سے مقبول ترین ادارہ ہے ،

پاکستان کے روس کے ساتھ تعلقات ایک نیا رخ اختیار کر رہے ہیں ، آئندہ دو برسوں میں مجموعی گروتھ میں بہتری نظر آئے گی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد قصہ پارینہ بن چکا ہے بلکہ اس کی منفی شہرت کی وجہ سے اب اتحاد میں شامل بہت سی جماعتیں خود کو اس سے منسوب نہیں کرنا چاہتیں۔

در حقیقت نواز شریف اور مریم نواز اس اتحاد کے پلیٹ فارم سے ذاتی فوائد حاصل کرنا چاہتے تھے جس کا دیگر جماعتوں کو علم ہو گیا اور سب نے انہیں اپنا کندھا پیش کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا گزشتہ عام انتخابات میں31فیصد ووٹ بینک تھا جس میں مزید اضافہ ہوا ہے ،

یہ ووٹ بینک کسی کی خواہش پر ختم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے عزم سے ملک کی کشتی کو بھنور سے نکال لیا ہے اور اب انشا اللہ آئندہ دو برسوں میں ترقی کی رفتار مزید بڑھے گی ، لارج اسکیل مینو فیکچرننگ گروتھ کر رہی ہے جس سے نوکریاں پیدا ہوں گی اور ہمارے ٹیکس کا 70سے80فیصد اسے شعبے سے آتا ہے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن 2023ء تک اپنی منفی سیاست کو قرنطینہ میں رکھے تو یہ ان کے اپنے حق میں بہتر ہے ۔