فلسطینی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیر اعظم عمران خان کا فلسطینی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، اسرائیلی حملوں کی مذمت

اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے اسرائیلی حملوں کے خلاف بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کیلئے کوششوں کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

ٹیلیفونک رابطے میں وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی صدر سے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کی۔وزیر اعظم نے مسجد اقصی میں بے گناہ نمازیوں پر حملوں اور غزہ میں اسرائیل کی طرف سے مہلک فضائی حملوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد شہری جاں بحق ہوئے۔

وزیر اعظم نے فلسطینی صدر کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی اس طرح کی خلاف ورزیوں کے خلاف بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے میں پاکستان کی کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بحرانی صورتحال کے دوران پاکستان کی قیادت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

صدر محمود عباس نے پاکستان کی حمایت کا خیرمقدم اور پاکستانی قیادت کے ردعمل اور بیانات کی تعریف کی جو غزہ اور مسجد اقصی میں اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا اور آئندہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماں نے جاری صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔