شاہ محمود قریشی

انسانی حقوق کی تنظیموں کو دوہرامعیار ختم کرکے فلسطینیوں کیساتھ کھڑاہوناہوگا، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ویٹو پر سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہونے پر بہت سے ممالک کو مایوسی ہوئی،

فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف مغربی دارالحکومتوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں،میڈیا ہائوسز پر بمباری کر کے خاموش نہیں کیا جا سکتا ،

انسانی حقوق کی تنظیموں کودوہرامعیارختم کرکے فلسطینیوں کیساتھ کھڑاہوناہوگا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ گزشتہ روز او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں میں نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں فلسطینی کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی،فلسطین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے دو ٹوک موقف کو سراہتے ہوئے اس کٹھن گھڑی میں فلسطینیوں کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی فلسطین کی صورتحال پر سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشرفین شاہ سلیمان بن عبدالعزیز ،ترک صدر رجب طیب اردگان اور فلسطین کے صدر محمود عباس کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی ہے،

میں نے اس حوالے سے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ بشمول امریکہ، چین سعودی عرب، ترکی، فلسطین کے ساتھ رابطے کیے اور پاکستان کا موقف پیش کیا ، اسرائیلی بربریت کے خلاف مسلم امہ نے آواز اٹھائی ، ایک مشترکہ اعلامیہ جاری ہوااور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ چین کی صدارت میں سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، انہوں نے کہاکہ یورپی ممالک میں بھی عوام الناس کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے ہو رہے ہیں، انہوںنے کہاکہ یورپی یونین کا اجلاس طلب کرلیاگیا ہے،اسرائیلی جارحیت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ فلسطین میں ایک طرف جدید جنگی ہتھیاروں سے لیس اسرائیلی فوج ہے تو دوسری جانب نہتے فلسطینی ہیں ،ایک طرف انسانیت اور دوسری طرف بربریت دکھائی دیتی ہے.