ترک صدر سے ملاقات

شاہ محمود قریشی کی ترک صدر سے ملاقات، فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ

انقرہ(لاہورنامہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ترک صدر کے واضح اور دو ٹوک موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور ترک قیادت کی سوچ اور وڑن میں مماثلت دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات کے استحکام کا باعث ہے۔

بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انقرہ میں صدارتی محل میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سے متعلقہ امور اور فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک تمناؤں کا خصوصی پیغام ترک صدر کو پہنچایا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور ترک قیادت کی سوچ اور وڑن میں مماثلت دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات کے استحکام کا باعث ہے ۔

ترک صدر نے وزیر خارجہ کی ترکی آمد پر مسرت کا اظہار کیا ۔وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ترک صدر کے واضح اور دو ٹوک موقف کی تعریف کی ۔

وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ، بین الاقوامی سطح پر، پاکستان کی پر زور اور غیر متزلزل حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا ۔ ترک صدر نے کہاکہ ترکی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں پاکستان کے موقف اور کاوشوں کا معترف ہے
ترک صدر نے کہا کہ ترکی، پاکستان اور ترکی کے مابین اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی میزبانی کریگا ۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیر خارجہ کو وزیر اعظم عمران خان کیلئے تہنیتی پیغام دیا۔