پاکستان بیت المال

پاکستان بیت المال پسماندہ طبقات کی مدد کے لئے رسائی بڑھائے، صدر مملکت

اسلام آباد (لاہورنامہ) صدر مملکت عار ف علوی نے کہاہے کہ پاکستان بیت المال معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کے لئے دور دراز علاقوں تک رسائی بڑھائے۔

جمعہ کو صدر عارف علوی کو ایم ڈی پاکستان بیت المال ، ملک ظہیر عباس کھوکھر نے بریفنگ دی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان بیت المال معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کے لئے دور دراز علاقوں تک رسائی بڑھائے، بیواؤں ، یتیموں ، خواتین اور خصوصی افراد کی مالی امدادکیلئے غربت سے دوچار علاقوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،

معاشرے کے کمزور طبقات کے مسائل کے کیلئے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیت المال خواتین اور خصوصی افراد کو ٹیوٹا اور نیوٹک کے تعاون سے ہنرمندبنانے کیلئے کام کریں۔ صدر کو بتایاگیاکہ بیت المال اسکولوں میں داخلہ دے کر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے سرگرم عمل ہے، بچوں کو مزدوری کی بجائے پرائمری تعلیم کی ترغیب کیلئے کیش ٹرانسفر اسکیم متعارف کروائی ۔صدر مملکت نے خصوصی افراد اور ضرورت مندوں کی ترقی کے لئے بیت المال کے کردار کو سراہا۔