لاہور(لاہورنامہ) وائس آف ٹریڈرز کے چیئرمین میاں کامران سیف نے رواں مالی سال کے11ماہ میں مجموعی برآمدات کا حجم22.563ارب پہنچنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کی پائیداری کا منہ بولتا ثبوت ہے .
انہوںنے کہا کہ برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ کیلئے ویلیو ایڈیڈ صنعتوں پر توجہ مرکوز کی جائے اور راہ میٹیریل اور ایکسپورٹ پر ڈیوٹیوں کا خاتمہ کیاجائے تاکہ برآمد کنندگان دلجمعی ، یکسوئی سے ملکی برآمدات میں اضافہ کرکے ملکی معیشت کومستحکم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں ۔
میاں کامران سیف نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری سے صنعتی ترقی کی شرح میں مثبت اضافہ ہورہا ہے اوربڑی صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ ہوگا جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی انہوںنے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں اضافہ کے نتیجے میں اقتصادی ترقی کی شرح نمو میں بھی اضافہ ہوگا ، لارج سکیل مینوفیکچرنگ سے صنعتی شعبہ ترقی کررہا ہے اور کورونا وباء سے دبائو کا شکار معیشت استحکام پذیر ہورہی ہے ۔