بلاول بھٹو

ہم نے کشمیر کی لڑائی ہر سطح پر لڑی ہے، کشمیر یوں کے حقوق کا سودا نہیں کریں گے،بلاول بھٹو

حویلی (لاہورنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو پیپلز پارٹی کے ختم ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ یہ جلسہ دیکھیں، یہ لوگ سب پکار پکار کر کہہ رہے ہیں کہ زندہ ہے بھٹو زندہ ہے بھٹو، جب تک جیالے ساتھ کھڑے ہیں تب تک کوئی پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کر سکتا،

پیپلز پارٹی نے تین نسلوں سے اس خطے کا ساتھ دیا ہے، بے نظیر بھٹو کے نا مکمل مشن کو مکمل کرنے آیا ہوں، ہم نے کشمیر کی لڑائی ہر سطح پر لڑی ہے، کشمیر کے حقوق کا سودا نہیں کریں گے، پاکستان کا وزیراعظم نالائق، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ ہے، یہ بزدل کشمیر کیلئے بات نہیں کر سکتا،

کشمیر پر تاریخی حملہ ہو تو سلیکٹڈ وزیراعظم جواب دیتا ہے کہ میں کیا کروں، شہید بے نظیر بھٹو نے خاتون ہونے کے باوجود کہا تھا کہ جہاں کشمیری کا پسینہ گرے گا وہاں میرا خون گرے گا،قائد ایوان ذوالفقار علی بھٹو اس طرف کے بھی اور اس طرح کے کشمیر کے بھی لیڈ تھے جبکہ یہ سلیکٹڈ وزیراعظم کہتا ہے کہ میں کشمیر ہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے رکھوں گا،

یہ اپنے ہی قلم سے اپنے ہی نقشے پر تبدیلی کرتے ہیں، ہمارا وزیراعظم کشمیری عوام کی امیدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا، کشمیری عوام کا ایک ہی نعرہ ہے، کشمیر کا سودا نامنظور، عوام 25جولائی کو تیر پر مہر لگائیں گے۔

جمعرات کوحویلی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی رائے پر چلیں گے،اگر فیصلہ ہونا ہے تو یہاں کے نوجوان فیصلہ کریں گے، ہم کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے، اگر یہ لوگ کہیں کہ کشمیر میں امن ہو تو ہم کشمیر میں امن کروائیں گے، کشمیری کہیں گے کہ جنگ کریں تو ہم جنگ کریں گے،

ہم کشمیری عوام کی ڈکٹیشن مانیں گے، اسلام آباد کی ڈکٹیشن نہیں مانیں گے، اگر حکم چلے گا تو صرف کشمیری عوام کا چلے گا ہم کسی اور کا حکم نہیں مانیں گے، یہ ایسا وزیراعظم ہے جو مودی کے الیکشن جیتنے کی دعا کرتا ہے،عوام اس کے بیان کا جواب 25جولائی کو دے گی،

یہ وزیراعظم مشرف کا پولنگ ایجنٹ تھا، ویسے ہی نریندر مودی کا بھی پولنگ ایجنٹ تھا، کشمیری عوام اس کا جواب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا وزیراعظم بھی نہیں چاہتے جو مودی کو اپنی شادیوں میں بلائے، ہم عوام میں سے ہیں،اگر کوئی آپ کا مخالف ہے تو وہ ہمارا بھی مخالف ہو گا،

آپ کا دشمن ہمارا بھی دشمن ہو گا، یہ کیسے ممکن ہو سکتا کہ خوشیاں آپ دشمنوں کے ساتھ منائیں اور دکھ ہمارے ساتھ بانٹیں، پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد جماعت ہے جو کشمیر کا سودا نہیں کر سکتی۔