لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی قبل ازوقت انتخابات کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی بلکہ یہ ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائے گی ،حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے اور انشا اللہ عوام کو جلد ریلیف ملے گا ، مسلم لیگ(ن) نے معیشت پر کاسمیٹکس کا لیپ کیا ہوا تھا جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا ہے۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن قوم کو بتائے ملک میں ایسی کیا ایمر جنسی ہے کہ ایک منتخب حکومت مدت پوری ہونے سے پہلے انتخابات کرا دے۔ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی والے کئی دہائیاں اقتدار میں رہے ہیں.
لیکن انہوں نے ملک اورعوام کے لئے کچھ نہیں کیا اس لئے عوام آزمائے ہوئے سیاستدانوں کو کسی طور پر بھی دوبارہ موقع دینے کے لئے تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں پہلی بار حکومت بنائی ہے اورپہاڑ جیسے چیلنجز کے باوجود نہ صرف ملک کی معیشت کو دلدل سے نکالا گیا بلکہ خارجہ محاذپر بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔
موجودہ دورمیں افغانستان سے غیر ملکی فوجوںکا انخلاء کوئی معمولی واقعہ نہیں اور پاکستان نے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صبر سے کام لے حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ 2023ء میں ہونے والے انتخابات میں پہلے سے زیادہ اکثریت کے ساتھ واپس آئے گی ۔