لاہور(لاہورنامہ) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک)، محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام عشرہ شانِ رحمۃ للعالمینﷺ کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے پِلاک کا دورہ کیا اور خطاطی کی نمائش کا افتتاح کیا۔

انہوں نے پاکستان اور ایران کے خطاطوں کے کام کی بے حد تعریف کی اور فن پاروں کو فن مصوری کا انمول اثاثہ قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کلچرل میوزیم میں نصب نامور مصور جناب اسلم کمال کے صوفی شعراء پر مشتمل میورل کا افتتاح کیا اور اسے فن مصوری میں ایک گراں قدر اضافہ قرار دیا۔

اس موقع پر ایک نعتیہ البم بھی ریلیز کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پلاک کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے پنجابی زبان، فن اور ثقافت کے لئے پلاک کی کارکردگی کی بھرپور تعریف کی۔ ایف ایم پنجاب رنگ ریڈیو پر انہوں نے لائیو پروگرام میں خصوصی گفتگو کی اور پلاک لوک اسٹوڈیو کے تحت ہونے والی ریکارڈنگز کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ کے دورہ کے دوران صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور، ڈائریکٹر جنرل پلاک ڈاکٹر صغرا صدف، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ثمن رائے، ڈائریکٹر پلاک محمد عاصم چودھری اور خاقان حیدر غازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر ثقافت پنجاب، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پلاک کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اسم محمدﷺ اور کلمہ طیبہ پر مشتمل پینٹنگز بھی بطور تحفہ پیش کی گئیں۔