اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا ،یکم نومبر کو گیس بجلی آٹا چینی انڈے دالیں تیل سبزیاں پھل دوائی سب مہنگے ہونگے ،نومبر کے مہینے میں گیس مہنگی بھی ہو گی اور ملے گی بھی نہیں ۔
انہوں نے کہاکہ تین سال آئی ایم ایف کی تابعداری میں عوام کا معاشی قتل کیا گیا ہے،ہر روز عوام کو غریب اور بے روزگار کیا جا رہا ہے،عمران صاحب کی کوئی سمت نہیں، کوئی حکمت عملی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے ستر سال کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں،نالائقی ناہلی اور کرپشن کے تاریخی ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہر روز آٹا ، چینی ، انڈے ، سبزیاں ، پھل ،خورنی تیل ، گھی، پڑول ، گیس ، بجلی دوائی مہنگی ہو رہی ہے،ملک میں ترقی کے عمل اور تمام منصوبوں کو تالا لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ والدین بچوں کے سکول کے سردی کے یونیفارم خریدنے کے قابل نہیں رہے ،لوگ ماں باپ کے لئے دوائی نہیں خرید سکتے۔ انہوں نے کہاکہ لوگ گھر کا کرایہ دینے سے مجبور ہوچکے ہیں،خواتین گھر کا سوداسلف نہیں خرید سکتیں ۔
انہوں نے کہاکہ عوام کے چولہے بجھ چکے ہیں اور جیب خالی ہے،ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے،یکم نومبر کو پھر عمران صاحب مہنگائی کا نوٹس لینے کا ڈرامہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران صاحب کے استعفیٰ میں ہے۔