یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا 27واں کانووکیشن

لاہور(لاہورنامہ)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 27 ویں کانووکیشن میں تین طالبات نے 15 جبکہ ایک طالب علم نے 4 گولڈ میڈل حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا، طالبہ صدف منیر نے 6 جبکہ عائشہ خالد نے 5گولڈ میڈل حاصل کئے۔

27واں کانووکیشن
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا 27واں کانووکیشن

یو ای ٹی آڈیٹوریم میں منعقدہ کانووکیشن کی صدارت گورنر پنجاب و چانسلر چوہدری محمد سرور نے کی۔وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر سیدمنصور سرور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔جس میں انہوں نے یونیورسٹی کی تدریسی اور تحقیقی میدان میں کامیابیوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کی منصوبہ بندی اور اہداف بیان کئے۔انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کے گریجوایٹس پاکستان کا اثاثہ ہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار نمایاں ہے۔

اسی طرح تیسری طالبہ ارشما حسنین نے 4 گولڈ میڈل جبکہ ایک طالب علم حمزہ صدیق نے بھی 4 گولڈ میڈل حاصل کیے۔27ویں کانووکیشن میں 2 ہزار 929 طلبا و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں، کانووکیشن میں 2ہزار246 گریجوایٹس، 651ایم ایس/ ایم فل،32پی ایچ ڈی کی ڈگریاں جبکہ 61طلباء و طالبات میں گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے۔

اسناد حاصل کرنے والوں میں یو ای ٹی لاہور کے2021،یو ای ٹی نیو کیمپس کالا شاہ کاکو کے423،یو ای ٹی فیصل آباد کیمپس کے 216طلباء و طالبات شامل ہیں۔اسی طرح رچنا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی گوجرانوالہ میں 141،جبکہ یو ای ٹی نارووال کیمپس کے 128طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

انہوں نے کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب آپ کے والدین اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے ہمیشہ والدین اور اساتذہ کا احترام کریں۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں وائس چانسلر ڈاکٹر منصور سرور نے یونیورسٹی کے کامیاب 100 برس مکمل ہونے پر طلبہ وطالبات کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کاسو برس کا یہ سفرکامیابی، ترقی، ایجادات اور نئے خیالات کا امین ہے۔ جامعہ کے در ودیوار تعمیر و ترقی اور ہنرمندی کے جدید و قدیم تصورات کے شاہد ہیں۔

طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے یو ای ٹی کی پچھلے تین سالوں میں بین الاقوامی اور ایشیا کی رینکنگ میں مسلسل بہتری کو سراہا، انہوں نے اس کا سہرا یونیورسٹی کے میرٹ پر تعینات وائس چانسلراور ان کی ٹیم کے سر باندھا۔انہوں نے مزید کہا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی اور حق داروں کو انکا حق دینے سے ہی ملک مضبوط ہوتے ہیں۔کسی بھی عہدے پر بیٹھے شخص کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مکمل انصاف کر ے۔

پاکستانی خواتین جس کامیابی سے آگے بڑ ھ رہی ہے اس کے بعد شاید آنیوالے سالوں میں لڑکوں کی ملازمتوں کے لیے کوٹہ مختص کر نا پڑے۔چوہدری محمدسرور نے ڈگریاں حاصل کر نیوالے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غر بت،پانی کے بحران،ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی آفات جیسے اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے پائیدار اقدامات کے لیے حکومت کیساتھ تعاون کر یں آئی ٹی کا شعبہ بھی پاکستان میں سماجی اور معاشی خوشحال لانے کیلئے ایک غیر معمولی منافع بخش موقع ہے۔ انہوں نے چاروں ریکارڈ گولڈ میڈل لینے والے طلبا کو بالترتیب ایک لاکھ اور 50،50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ انعامی رقم ان طلبا اور انکے اساتذہ کو گورنر ہاوس مدعو کرکے دی جائے گی۔ گور نر پنجاب نے یونیورسٹی کے قیام کو100سال مکمل ہونے پر پودا لگایا اور یادگاری تختی کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر جامعہ کے ڈینز،چیئرمین، مختلف تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان،رجسٹرار محمد آصف، کنٹرولر امتحانات محمدضرغام نصرت اور پی آر او شاہدہ نذیر سمیت ارکان سینڈیکیٹ بھی شریک تھے۔کانووکیشن میں شریک ڈگری حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے والدین اپنے بچوں کی کامیابی پر شاداں نظر آئے۔کانووکیشن کے اختتام پر وائس چانسلر نے گورنرچوہدری محمد سرورکو یادگاری شیلڈ دی۔اختتامی لمحات میں بچوں نے اپنے گاؤنز کی ٹوپیاں ہوا میں لہرا کر خوشی کا اظہار کیا۔