محمد جاوید قصوری

ان حکمرانوں سے وعدہ خلافیوں کا حساب عوام خود انتخابات میں لیں گے، محمد جاوید قصوری

لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک غیر سرکاری سروے کے مطابق پاکستان کے 87فیصد افراد ملک کی سمت کو ہی غلط سمجھتے ہیں۔

46فیصد نے معیشت کو انتہائی کمزور جبکہ 43فیصد نے پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی کو قرار دیا ہے۔ موجودہ حکمران اپنی نا اہلی اور ناکامی کو سابقین پر ڈال کر راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ عوام حکمرانوں سے وعدہ خلافیوں کا مکمل حساب انتخابات میں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کے الاؤنسز میں اضافے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور ہونا شرمناک اقدا م ہے۔ وزیر اعظم قوم کو کفایت شعاری کا درس تو بہت دیتے ہیں مگر اپنی ناک کے نیچے ہونے والے اقدامات سے لاعلم ہیں۔ ارکان اسمبلی اس مسئلے پر تمام اکٹھے نظر آتے ہیں۔ ایک طرف غریب عوام پر مہنگائی کا بم مسلسل برسائے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب ارکان اسمبلی کو عوام کی بجائے اپنی فکر لاحق ہے۔

پنجاب اسمبلی کے حالیہ 7دن کے اجلاس میں 4کروڑ روپے خرچ کر دیے گے۔انہوں نے کہ کہ قوم گھبرائے نہیں، بجلی اور پٹرول کے بعد گیس کی قیمتوں میں بھی 157فیصد تک اضافے کی تیاری شروع کردی ہے جبکہ وزیر خزانہ نے دسمبر میں منی بجٹ کی خوشخبری بھی قوم کو سنا دی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ 28نومبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر نوجوانوں کی بڑ ی تعداد اکھٹا ہو کر وزیر اعظم عمران خان سے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا مطالبہ کریں گے۔ ہم حکمرانوں کو ان کا عوام سے کیا گیاایک ایک وعدہ یاد دلاتے رہیں گے اور ملک و قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔