لاہور (لاہورنامہ) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام ساتویں سروس ٹائرز 15 رگبی چیمپئن شپ کے میچز لاہور میں دوبارہ شروع ہوگئے۔
پاکستان رگبی یونین ہر سال سروس ٹائرز کے تعاون سے 15 سائیڈ رگبی لیگ منعقد کرواتی ہے جس میں مختلف ڈویژنز میں ٹیموں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔ گزشتہ روز لاہور میں ڈویژن ون کے مقابلے دوبارہ شروع ہوگئے۔
اہم میچ پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور کینٹ میں کھیلاگیا جس میں لاہور ہاکس رگبی فٹ بال کلب نے ڈیزرٹ کیمل رگبی فٹ بال کلب کو 52-19 سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سروس ٹائرز کے تعاون سے ہونیوالی 15 سائیڈ رگبی لیگ میں دلچسپ میچ دیکھنے کیلئے پاکستان رگئی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ، صدر عارف سعید، سیکرٹری سلمان مظفر شیخ، رگبی سروسز مینجر معظم علی شاہ، ہیڈ کوچ شکیل احمد اور رگبی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پاکستان رگبی یونین کے صدر اور سروس ٹائرز کے ڈائریکٹر چودھری عارف سعید کا کہنا تھا کہ سروس ٹائرز ہمیشہ سے ہی کھیلوں کی سرپرستی کرتا ہے۔ ماضی میں بھی رگبی سمیت دیگر کھیلوں کو سپورٹ کیا ہے۔ پاکستان رگبی یونین کی کوشش ہے کہ رگبی کو پورے پاکستان میں پرموٹ کریں۔
ڈیزرٹ کیمل رگبی فٹ بال کلب بہاولنگر نے لاہور ہاکس کیخلاف کافی کوشش کی مگرلاہور ہاکس کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور میچ بڑے مارجن 52-19 سے جیتا۔ ہاکی کی طرف سے خرم نے سات ٹرائیزاور اسمال دو ٹرائیز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیزرٹ کیملز کی طرف سے عاقب اور عالم نے دو دو ٹرائیز سکور کیں۔