پروفیسر الفرید ظفر

پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے شہری حقو ق حاصل ہیں ، پروفیسر الفرید ظفر

لاہور (لاہورنامہ)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودنے کہا کہ دین اسلام بھائی چارے،مذہبی رواداری اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے.

پروفیسر الفرید ظفر
پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے شہری حقو ق حاصل ہیں ، پروفیسر الفرید ظفر

پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے شہری حقو ق حاصل ہیں اور انہیں ترقی کے مواقع اور اپنے مذہبی عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے جبکہ مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور تعلیم و صحت کے میدان میں گراں قدر خدمات لائق تحسین ہیں جن کا ہر سطح پر اعتراف کیاجانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن اور نرسنگ سٹاف لاہور جنرل ہسپتال و پنز کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا جہاں 300پاؤنڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں پروفیسرڈاکٹر غیاث النبی طیب، دونوں ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان ڈاکٹر عامر غفور مفتی اورڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹر عبدالعزیز، صدر ایسوسی ایشن رانا پرویز، جنرل سیکرٹری آفتاب وارث،سسٹر کوثرطاہر،شیریں چمن،مریم بشیر، شمیم رحمت،مجید راج اور شہزادروشن سمیت ڈاکٹرز،نرسز و ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنرل ہسپتال میں گریڈ1سے17تک 800مسیحی ملازمین اپنے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں اور وہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ مل کر ادارے کی بہتری اور ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ تحریک پاکستان اور 1965و1971کی جنگوں میں بھی مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نامور جانبازوں نے اپنے مادر وطن کے دفاع کے لئے قربانیاں دی ہیں جو ہم سب کے لئے قابل فخر ہے۔

ای ڈی پنز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے مسیحی برادری نے بہت سی درسگاہیں قائم کیں جہاں سے بلا تفریق مذہب، تمام پاکستانی مساوی طور پر استفادہ کر رہے ہیں جبکہ صحت کے میدان میں نرسنگ کا شعبہ مسیحی برادری کی منفرد پہچان ہے اور ہزاروں نرسیں دکھی انسانیت کی خدمت اپنے مقدس مذہب کی تعلیمات کے مطابق کر رہی ہیں۔جبکہ ڈاکٹر جمیل ناصر نے یسوع مسیح کی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

رانا پرویز اور آفتاب وارث نے کہا کہ کوئی بھی شخص مسلمان نہیں ہو سکتا جب تک وہ اس بات پر ایمان نہ لائے کہ حضرت عیسیٰؑ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ پیغمبر ہیں۔انہوں نے کہا کہ 25دسمبر کو مسیحی برادری حضرت عیسیٰؑ کا یوم ولادت مناتی ہے جو نہ صرف ان کے لئے بہت بڑا خوشی کا تہوار ہوتا ہے بلکہ ان کی خوشیوں میں پاکستان کے دیگر شہری بھی شریک ہوتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر کرسچن کمیونٹی نے روائتی مذہبی گیت گائے اور نئے سال کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعائیں کیں کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کی حفاظت فرمائے، ملک کو وبا و بیماریوں سے محفوظ رکھے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مصیبت میں گھرے کشمیریوں کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر پرنسپل نرسنگ کالج حمیدہ بیگم، نرسنگ سپرٹینڈنٹ پنز رضیہ شمیم، صدر وائی این اے خالدہ تبسم،فوزیہ منظور، ندرت مختار، امانت علی، عرفان عرف گڈو، سجاد خان، ملکک حنیف اور شکیل امانت سمیت نرسز و پیرا میڈکس کثیر تعداد میں موجود تھے۔