جمشید اقبال چیمہ

قومی صحت کارڈ،فلاحی ریاست کی جانب عملی پیشرفت ہے، جمشید اقبال چیمہ

لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ عالمی رجحان ہے لیکن حکومت عوام کو اس کے اثرات سے بچانے کیلئے دن رات کوشاں ہے اوراب قیمتیں بتدریج نیچے آرہی ہیں.

قومی صحت کارڈ اوراحساس پروگرام کے منصوبے فلاحی ریاست کی جانب عملی پیشرفت ہیں ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان پیٹرولیم سمیت دیگر اشیاء درآمدکرتا ہے جو بالواسطہ مہنگائی میں اضافے کا سبب ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت نے اب تک عوام کو ہر ممکن حد تک عالمی مہنگائی کے اثرات سے بچایا ہوا ہے ۔

حکومت اہل گھرانوں کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی 30فیصد کم نرخوں پر فراہی کا منصوبہ شروع کرنے جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست کیلئے صرف منفی پراپیگنڈے پر انحصار کر رہی ہے لیکن عوام ان کے نرغے میںنہیں آئیں گے بلکہ مثبت کی بجائے منفی کردار ادا کرنے پر ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میںقیادت کی جنگ اپنے عروج پر ہے جس کی وجہ سے واضح گروپ بندی ہے ،لندن اور رائے ونڈ والوں کا بیانیہ اپنی جماعت کے اندر فٹ بال بناہوا ہے اور اس کی درگت بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران نے جن مشکلات میں پاکستان کی کشتی کو منجدھار سے نکالا ہے عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں۔