ملک جہانگیر حسین

اپوزیشن جتنی مرضی سازشیں کرلے حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ملک جہانگیر حسین

لاہور(لاہورنامہ)چیئرمین اوورسیز کمیشن لاہور ملک جہانگیر حسین بارا نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنی مرضی سازشیں کرلے حکومت ناصرف اپنی مدت پوری کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال بھی پکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پورے کیریئر میں ہر ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔اپوزیشن ان کے خلاف عدم اعتماد لانے میں ناکام ہو چکی ہے۔اب رہ گیا اپوزیشن کا سڑکوں پر خوار ہونے کا خواب تو وہ بھی عوام کی عدم شرکت سے چکنا چور ہو جائے گا۔اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانا پی ٹی آئی حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔

جس کی وجہ سے پوری دنیا میں موجود اوورسیز پاکستانی نا صرف خوش ہیں بلکہ حکومت کو سپورٹ اور اس کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو بھی ہیں۔سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور ان کی تمام شکایات اوورسیز کمیشن میں بغیر کسی شفارش کے ترجیحی بنیادوں پر دور کی جاری ہیں۔ اوورسیز کمیشن سمندر پار پاکستانیوں کی ملک بھرمیں جائیدادوں اور جمع پونجی کی محافظ اور ضامن ہے۔

قبضہ گروپوں اور دھوکے بازوں کی منزل صرف جیل ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزڈی سی آفس لاہور میں سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات اور کیسوں کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملک جہانگیر حسین بارا کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 47 کیسوں کی سماعت کی گئی، 3 کیس موقع پر حل اور باقی متعلقہ محکموں کو انکوائری کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔