اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے روزگار کے مواقع میں اضافہ کر رہی ہے.
مہارت کے حامل گریجویٹس بغیر ہنر کے گریجویٹس کے مقابلے میں آسانی سے ملازمتیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قومی ورثہ اور ثقافت شفقت محمود سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں پیشہ وارانہ تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے کامیاب جوان پروگرام کا کوٹہ بڑھانے کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر تعلیم کی درخواست پر وفاقی وزیر شفقت محمود نے چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن کو ان کا کوٹہ دو سے بڑھا کر پانچ فیصد کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے چیئرمین نیوٹیک کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سمارٹ لیبز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔