فرخ حبیب

شہباز شریف کی فرد جرم روکنے کے لئے نئی درخواستیں دائر، فرخ حبیب

اسلام آباد(لاہورنامہ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے فرد جرم روکنے کے لئے نئی درخواستیں دائرکی ہیں، اگر دھیلے کی کرپشن نہیں کی تو کیس میں التوائیں اور لمبی تاریخوں کے پیچھے کیوں چھپ رہے ہیں۔

جمعہ کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیس بارے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آج شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے کے کیس کی سماعت ہوئی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف فرد جرم عائد ہونا تھی، ہمیشہ کی طرح التوائیں لینے کے اوچھے ہتھکنڈے آج بھی استعمال کیے گئے۔

شہباز شریف عدالت کو بتائیں کہ10ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے مقصود چپڑاسی کے اکاﺅنٹ میں 4 ارب کیسے آگئے،شہباز شریف، حمزہ اور سلیمان نے ملازمین کے نام پر 14 بے نامی اکاﺅنٹ کھولے اور ان کے ذریعے منی لانڈرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ آج شہباز شریف نے خود لمبی تاریخ مانگی اگر دھیلے کی کرپشن نہیں کی تو یومیہ سماعت کا مطالبہ کریں ،جب عمران خان کے خلاف انہوں نے بلیک میلنگ کے لئے کیس کیا تو عمران خان نے 40 سالہ کمائی کا ریکارڈ پیش کیا،اس وقت عمران خان نے ان کی طرح کوئی جعلی قطری خط پیش نہیں کیا تھا، عمران خان اس وقت وزیراعظم یا پبلک آفس ہولڈر بھی نہیں تھے۔