حسان خاور

گیلپ سروے سے ثابت ہوگیا کہ عوام کی پہلی ترجیح پی ٹی آئی ہے، حسان خاور

لاہور (لاہورنامہ)ترجمان حکومت پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک بھر میں یکساں مقبول جماعت بن چکی ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ گیلپ سروے میں واضح ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ سروے سے ثابت ہوگیا کہ عوام کی پہلی ترجیح پی ٹی آئی ہے، قوم پی ٹی آئی کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔حسان خاور نے کہا کہ عوامی مزاج سے عیاں ہوگیا کہ اگلے الیکشن میں بھی پی ٹی آئی معرکہ سر کرنے جارہی ہے، پی ٹی آئی ملک بھر میں یکساں مقبول جماعت بن چکی ہے۔

حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ اپوزیشن کے حد درجہ پروپیگنڈا کے باوجود قوم جانتی ہے کہ کپتان کی قیادت میں ملک حقیقی ترقی کے منازل طے کررہا ہے، عوامی امنگوں کے عین مطابق پی ٹی آئی اگلا الیکشن بھی جیتے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دورہ یو اے ای اہل پنجاب کیلئے بڑی خوشخبری لایا ہے، سردار عثمان بزدار کی کاوشوں سے دھابی گروپ پنجاب میں 60 ارب کی سرمایہ کاری کررہا ہے اور انکی قیادت میں پنجاب بغیر فوٹوشوٹ ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات آعندلیب ملکر کریں آہ و زاریاں جیسی ہے، اپوزیشن کی میل ملاقاتیں صرف خود کو طفل تسلیاں دینے کیلئے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سینکڑوں ملاقاتیں کرچکی ہے مگر نکلا کچھ نہیں، قوم محظوظ ہورہی ہے کہ ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہنے والے آج ذاتی مفاد کیلئے کیسے اکٹھے ہورہے ہیں، اپوزیشن کا اسٹیج ڈرامہ بری طرح فلاپ ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی نے کہا کہ پری وینشن آف الیکٹرک کرائم ایکٹ ترمیمی آرڈیننس وقت کی ضرورت ہے، اظہار آزادی کی حدود و قیود ہوتی ہیں، کچھ لوگ آزادی اظہار رائے کا غلط استعمال کررہے ہیں۔انکا کہنا ہے کہ یہاں فیک نیوز کی بھرمار ہے، جس کا جو جی چاہتا ہے کسی کی پگڑی اچھال دیتا ہے، سچ اور جھوٹ پر مبنی مواد کا فرق مٹتا جا رہا ہے، کچھ عناصر ملک دشمن عناصر کی شہہ پر ملک کیخلاف زہریلا پروپیگنڈا کرتے ہیں۔

حسان خاور نے کہا کہ پی ٹی آئی حق اور سچ پر مبنی آزادی اظہار رائے کی سب سے بڑی داعی ہے، مگر کسی کو غلط اور من پسند مواد کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ فیک نیوز کو روکنا ملکی سلامتی کیلئے نہایت ضروری ہے، پی ٹی آئی حکومت نے فیک نیوز کے آگے بند باندھ دیا ہے، قوم فیک نیوز کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا رہی ہے۔