لاہور(لاہورنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی نے آرڈیننس کے ذریعے نافذ کئے جانے والے پیکا قانون کو عدالت میں چیلنج کرنیکا اعلان کردیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیکا آرڈیننس لانے کا مطلب ہے کہ حکومت خوف کا شکار ہے، یہ میڈیا پرقدغن لگانا چاہتے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آرڈیننس لانیکا مقصد یہ ہے کہ یہ لوگ پارلیمنٹ پر یقین نہیں رکھتے، چیئرمین سینیٹ خود قوانین پر عملدرآمد نہیں کراتے، اہم ترین بلز کی منظوری پر چیئرمین سینیٹ نے دوسری بار ووٹ کاسٹ کیا۔انہوں نے کہاکہ جب عمران خان کنٹینر پر تھے تب میڈیا ان کے ساتھ تھا تو اب کیوں نہیں ہے؟ ، حکومت کی بنیادیں ہل چکی ہیں، حالات ان کے ہاتھوں سے نکل چکے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر منظم ہے، اپوزیشن عوامی حقوق کی جنگ لڑرہی ہے، ہم نے اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے اور الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا، ہمارے فیصلے کی وجہ سے پی ڈی ایم تمام ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئی۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کا فیصلہ تھا کہ ہمیں اسمبلیوں سے باہر نہیں آنا چاہیے، پارلیمنٹ کو کسی طرح سے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ 27 فروری کو کراچی سے شروع کیے جانے والے عوامی مارچ کا پہلا قیام بدین، دوسرا حیدرآباد اور تیسرا قیام رحیم یار خان میں ہوگا، مارچ کا چوتھا قیام ساہیوال میں ہوگا، لاہور میں ایک رات کا قیام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اوربیروزگاری عروج پرہے، لوگوں سے ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں کاوعدہ کیا گیا، پی ٹی آئی نے ڈالرکی قیمت کم کرنے کادعوی کیا تھا، ان کا ہر وعدہ جھوٹا ثابت ہوا، مہنگائی سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔