شہباز گل

تقریبا ً2 دہائیوں بعد پاکستان کا دورہِ روس ممکن ہوا، شہباز گل

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ تقریبا ً2 دہائیوں بعد پاکستان کا دورہِ روس ممکن ہوا، اس سے قبل جو دورے ہوئے وہ خالصتا دوطرفہ نہیں تھے.

ماضی اور اب کے روس میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان کے دورہِ روس سے قبل اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دورِ حاضر کے روس کی سیاسی اور معاشی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کا چین کے ساتھ بہتر معاشی اور سیاسی اتحاد ہے، دوسری طرف پاکستان بھی چین کا بہترین اتحادی ہے، آنے والے وقت میں پاکستان اور روس کے تعلقات بہتر سے بہترین ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدر پیوٹن کا اسلاموفوبیا پر بیان خوش آئند ہے، وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عمران خان پہلے مسلمان حکمران ہیں جنہوں نے مغرب کو مسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کیا۔