لاہور(لاہورنامہ) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب علی مرتضی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو نے دی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو او پی سی کے ساتھ رابطہ کر کے اپنے اپنے علاقوں کے اوورسیز کے زیرالتوا کیسز کے حل کو فورا یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شفاف طریقے سے مصدقہ دستاویزات کی حامل شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ پنجاب کے دربار ہال میں صوبے بھر کے ضلعی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے زیرالتوا کیسیز کے حوالے سے منعقدہ ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وائس چیئر پرسن او پی سی ڈاکٹر شاہد محمود، کمشنر سید خادم عباس، ڈائریکٹر جنرل عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر ریونیو محمد اسلم رامے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ز بھی موجود تھے۔
کمشنر او پی سی نے شرکا اجلاس کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی مجموعی کارکردگی،حل شدہ شکایات اور زیرالتوا شکایات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دیگر اضلاع کی نسبت لاہور، راولپنڈی،سیالکوٹ،فیصل آباداور شیخوپورہ میں زیرالتوا کیسیز کی تعداد زیادہ ہے جن کے حل کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ویڈیولنک کے ذریعے مختلف اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو نے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیز کے اجلاسوں اور اوورسیز کی شکایات کے حل کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا۔ جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیوکو ہدایت کی کہ جن اضلاع میں زیر التوا کیسیز کی تعداد زیاد ہے او پی سی پنجاب کے ساتھ رابطے کر کے اوورسیز پاکستانیوں کے شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے کیسیز کے حوالے سے ریکارڈ کو درست رکھا جائے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ اوورسیزپاکستانیز کمیٹیز کے اجلاسی نکات کا بغور جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ جن اضلاع میں زیرالتوا شکایات کی تعداد زیادہ ہے وہاں ہر مہینے دوسے زیادہ اجلاس بلائے جائیں تا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بروقت ریلیف مل سکے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرزاور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو کو ڈی او پی سی اجلاسوں میں ہر صورت شرکت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے او پی سی ڈیلنگ افسران اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیوکو شکایات کے جلد وموثر ازالہ کیلئے باہمی رابطہ کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
مزید برآں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور وائس چیئرپرسن او پی سی کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حل کیلئے اگلے ماہ کا 18 فیصد ہدف مقررکیا گیاہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے زیر التوا کیسیز کے حل کے حوالے سے اگلے ماہ پھر اجلاس بلایا جائے۔ اس موقع پر وائس چیئر پرسن او پی سی ڈاکٹر شاہدمحمود نے اجلاس کو بتایا کہ اوورسیز کے مسائل کے فوری حل اورڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے پنجاب بھر کے اضلاع کے دورے کیے جائیں گے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے بہتر حل میں مدد مل سکے۔