اسلام آباد(لاہورنامہ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اپوزیشن پر سیاسی سائبر اٹیک کرے گا ، لانگ مارچ میں حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی، مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے.
اپوزیشن والے پہلے ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کو تیار نہیں تھے، اب سارے مفاد پرست اکٹھے ہو گئے ہیں، اپوزیشن کیلئے فیصلہ کرنا مشکل ہو گیا کہ بندر بانٹ کیسے ہونی ہے،ہمیں اپنے اتحادیوں پراعتماد اورفخر ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ جہانگیر ترین صحت یاب ہو جائیں ۔
اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ بھارت نے ابھی نندن کو ذلت اور رسوائی کے باوجود ایوارڈ دیا، اپوزیشن کے اندر تحریک عدم اعتماد میں ڈیڈ لاک آگیا ہے، ان کا یہ فیصلہ کرنا کہ سپیکر، پنجاب، مرکزاور چیئرمین سینیٹ کی طرف جانا ہے، اس ڈیڈ لاک کی بڑی وجہ یہ بنی کہ شہر بسانہیں چوروچکوں کےلئے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو گیا ہے کہ بندر بانٹ کیسی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دو دن سپیکر جبکہ سات دن ووٹ کے ہیں ٹوٹل نو دن کا کھیل ہے جو یہ تماشا لگانا چاہتے ہیں ، ہمیں اپنے اتحادیوں پر اعتماد ہے ، یہ لوگ بتا دیں کہ انہوں نے اپنے بندے 9دن کہاں رکھنے ہیں ، نہ چھانگا مانگا ہے اور نہ ہی مری، یہ دس دن کا لانگ مارچ لے کر نکلے ہیں انہیں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ اپوزیشن والے 23مارچ کو نہیں آئیں گے، آپ لوگ تحریک عدم اعتماد لا رہے ہیں، لوگوں کو اذیت ہو رہی ہے کہ آپ نے جو کرنا ہے کریں.
یہ دس دن آپ کے بس کا روگ نہیں ، 77کی تحریک کا اور 80کی تحریک کا کیا نتیجہ نکلا مولانافضل الرحمان کو پتہ ہونا چاہیے،90کی تحریک میرا منصوبہ تھا اسے میں نے نکالا تھا اس کا بھی کیا نتیجہ نکلا ٹھس،بلاول بھٹو صاحب یہ آپ کے بس کا کھیل نہیں ہے،دس دن لانگ مارچ لے کر نکلے ہیں کہ میں عمران خان کا استعفیٰ لینے جارہا ہوں تو پھر لال حویلی آﺅ آپ کو استعفیٰ دیتے ہیں۔ اس دفعہ کا کہہ کہہ کر آپ لوگوں نے تماشا اور مذاق بنایا ہوا ہے۔ اﷲ کا شکر ہے کہ یہ خود کہہ رہے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے۔
ادارے ملکی سلامتی کے ساتھ کمیٹڈ ہوتے ہیں۔ فوج کا اپنے ملک کی سلامتی کے ساتھ عہد ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کے لئے جیئیں گے اور مریں گے۔ شکر ہے اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ کوئی ٹیلی فون کال نہیں آرہی یہ دو مہینوں سے کبڈی کبڈی کھیل رہے ہیں۔ آپ جو تحریک عدم اعتماد لارہے ہیں اس سے آپ کو نقصان ہوگا جبکہ ہم چار سال پورے کرنے کے قریب ہیں۔ آپ نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا کہ آپ نے کیا کرنا ہے‘ کہاں جانا ہے اور کہاں نہیں جانا۔
انہوں نے کہا دنیا میں جنگ کے بادل چھائے ہوئے ہیں اور یہ کبڈی کبڈی کھیل رہے ہیں۔پورے ملک میں انہوں نے فضا قائم کی ہے کہ ہم جارہے ہیں اگر آپ آرہے ہیں تو کتنے لوگ آپ کے ساتھ ہیں۔ رات کو محفل موسیقی کی جبکہ دن کو گاڑیوں میں ریلی لے کر نکلے ہوئے ہیں۔ یہ سارے مفاد پرست ایک عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں اور وقت آنے پر عمران خان سیاسی سائبر اٹیک کرے گا۔ تب آپ لوگوں کو لگ پتہ جائے گا۔