فواد چوہدری

صورتحال دیکھ کر لگتا ہے کہ لانگ مارچ کیلئے بندے ہمیں دینے پڑیں گے، فواد چوہدری

پنڈدادن خان(لاہورنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صورتحال دیکھ کر لگتا ہے کہ ان کے لانگ مارچ کےلئے بندے ہمیں ہی دینے پڑیں گے، اپوزیشن کو پتہ ہی نہیں کہ ان کا لیڈر کون ہے.

آٹھ گھنٹوں کےلئے شہبازشریف اورمولانا فضل الرحمان کو وزیراعظم بنا رہے ہیں چونکہ بلاول بھٹو اور مریم نواز ابھی بچے ہیں ان کو چار گھنٹے دے دیں،دورہ روس کے بعد ایسا محسوس ہوا ہے کہ پہلی دفعہ ملک میں آزاد خارجہ پالیسی دیکھنے کو ملی،وزیراعظم کے دورہ روس ان لوگوں کو پریشانی ہوئی جن کی دولت باہر ہے، وزیراعظم عمران خان ہمیشہ جنگ کے خلاف رہے ہیں۔

اتوار کو پنڈدادن خان میں سیاسی صورتحال کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین حکومت کے ساتھ ہیں،لوگوں نے اگلی سیاست اور معاملات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنے ہوتے ہیں،صورتحال دیکھ کر لگتا ہے کہ ان کے لانگ مارچ کےلئے بندے ہمیں ہی دینے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو پتہ ہی نہیں کہ ان کا لیڈر کون ہے،اپوزیشن نے صرف اپنی سیاسی دکان چکائی ہوئی ہے،آٹھ گھنٹوں کےلئے شہبازشریف اورمولانا فضل الرحمان کو وزیراعظم بنا رہے ہیں چونکہ بلاول بھٹو اور مریم نواز ابھی بچے ہیں ان کو چار گھنٹے دے دیں تاکہ یہ سارے اکاموڈیٹ ہو جائیں یہی ایک طریقہ ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس کامیاب رہا ہے.

وزیراعظم کے دورہ روس کے بعد ایسا محسوس ہوا ہے کہ پہلی دفعہ ملک میں آزاد خارجہ پالیسی دیکھنے کو ملی،ہم نے اپنے مفاد کےلئے خارجہ پالیسی بنانی ہے،وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس ان لوگوں کو پریشانی ہوئی جن کی دولت باہر ہے۔ان کامزید کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ جنگ کے خلاف رہے ہیں،یوکرین اور روس کشیدگی سے تیل اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہو اہے۔