عظمیٰ بخاری

تحریک انصاف کی حکومت اب وفاق اور پنجاب میں ختم ہو چکی ہے،عظمیٰ بخاری

لاہور(لاہورنامہ)مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اب وفاق اور پنجاب میں ختم ہو چکی ہے،ان کے کسی احکامات کو نہیں ماننا اختیارات سے تجاوز اور غیر قانونی ہوگا۔

مسلم لیگ(ن) کے تمام ممبران اپنی مرضی سے ایک جگہ پر ٹھہرے ہیں۔تحریک انصاف کے غنڈے حسب عادت یہاں تماشا کرنے آرہے ہیں۔سرکاری خرچے اور سرکاری مشینری پہ انکو شہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے مزید کہامیں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سرکاری ملازمین کو متنبہ کرنا چاہتی ہوں کہ تحریک انصاف کی حکومت اب وفاق اور پنجاب میں ختم ہو چکی ہے،ان کے کسی احکامات کو نہیں ماننا اختیارات سے تجاوز اور غیر قانونی ہوگا۔

سرکاری ادارے ریاست کے ملازمین ہیں ،بنی گالہ کے نہیں۔ایک کل تماشا انہوں نے پنجاب اسمبلی میں کیا دوسرا لندن میں میاں نوازشریف کے دفتر کے باہر کیا۔عمران خان اور اسکے چمچے ،چمچیاں سوچی سمجھی سازش کے تحت امن و امان خراب کرنے کی پلاننگ کررہے ہیں۔عمرانی ٹولہ یاد رکھے ان سب کے گھر بھی لاہور میں ہیں۔

لاہور میں سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ(ن) ہے ۔اگر ہمارے لوگ باہر نکلے تو انکو پھر چھپنے کی جگہ نہیں ملنے۔جن کا لیڈر کل پیٹھ دکھاکر بھاگ گیا ان کواب سڑکوں پر تماشا کرتے شرم آنی چاہیے۔عمران خان سب سیاستدانوں سے اختلافات پیدا کرکے خود بھی متنازعہ ہو چکے ہیں۔