ایاز صادق

پنجاب میں ایک ماہ سے جاری آئینی بحران ختم ہوگیا ہے، ایاز صادق

لاہور(لاہورنامہ)وفاقی وزیر و مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خدا کا شکر ہے کہ پنجاب میں ایک ماہ سے جاری آئینی بحران ختم ہوگیا ہے .

عدلیہ کی ہدایات پر حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلی حلف جمہوری انداز سے ہوا ، فاضل عدلیہ نے جمہوری روایات کے تحت سپیکر قومی اسمبلی کی ذمہ داری لگائی ،عدلیہ کسی اور کی بھی ذمہ داری لگا سکتی تھی لیکن اس نے جمہوری ادارے کی ذمہ داری لگائی اس سے نظر آیا کہ عدلیہ آئین و قانون کے تحت جمہوری ادارے کو ترجیح دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری ادارے کے سربراہ کی ڈیوٹی لگانا فاضل عدالت کا خوش آئند اقدام ہے ،جو دس سال تک تکبر سے حکمرانی کرنا چارہے تھے وہ تکبر کی وجہ سے چلتے بنے ، ان کے اپنے اتحادیوں نے ان کی غیر آئینی سوچ سے انحراف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میر اتو دل چاہتا ہے کہ میاں صاحب گزرے ہوئے کل ہی آجاتے ،حالات کے مطابق جو تجزیہ دیا وہ اللہ نے پورا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تین ساڑھے تین سال کرپشن کے رہے ، ایک ماہ تک پنجاب کے عوام سے زیادتی کی گئی ، ساڑھے تین سال ملک صرف پیچھے نہیں تباہی کی جانب گیا ،ان تباہی پھیلانے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا ،پہلے گرفتاریاں نہیں ثبوتوں کے ساتھ احتساب کیا جائے گا.

میرے مطابق ملک کو تباہ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا ،ماضی کی طرح پہلے گرفتاریاں نہیں کی جائیں گی پہلے ان کے خلاف چارج شیٹ لگے گی پھر گرفتاریاں ہوں گی۔