لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما وفوکل پرسن برائے فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن مارکہ حکمران ٹولے کو اپنے کل کا پتہ نہیں اس لئے نہ صرف خود روزانہ کی بنیاد پر قومی خزانے پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں.
بلکہ اپنے حواریوں کوبھی فیض یاب کرایاجارہا ہے ، صرف پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ(ن) نہیں بلکہ 13جماعتیں بھی انتخابی اتحاد بنالیں تحریک انصاف کے مقابلے میں ان کی ضمانتیں ضبط ہونا نوشتہ دیوار ہے ۔انہوں نے حلقہ این اے 129 میں پی پی 157 سے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی محمد علی خان سے ان کے چچا کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر مظہر حفیظ بٹ،محمد عظیم اختر ،عباس ڈوگر ،شیخ ندیم طاہر ،مثل خان ،سید غفور شاہ ،احسان خان ،گلداد خان ،لیاقت گجر ،فیصل شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں پنجاب کے 20حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ڈٹ کرمقابلہ کریں گے اور میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے لوٹوں کی سیاست کو منوں مٹی تلے دفن کرنے کے لئے بیتاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت آگے بڑھتے پاکستان کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی ، عالمی سامراج کے مقامی سہولت کاروں نے میر صادق اور میر جعفر کا کردار ادا کیا ،عوام ان کی صورت کو نہیں بھولیں گے اور آئندہ عام انتخابات میں انہیں عبرت کا نشان بنا دیں گے۔