میاں ذکر اللہ

مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، میاں ذکر اللہ

لاہور (لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی اقتدار کی جنگ نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پس دیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

حکمران اپنی ناقص کارکردگی چھپانے کیلئے سابقہ حکومت پر الزامات لگا کر عوام پر مہنگائی بم گرا رہے ہیں جو قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں۔چہرے اور پارٹیوں کی تبدیلی عوام کے مسائل کا حل نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی خوشحالی اور ترقی کی ضامن ہے۔ جماعت اسلامی حقیقی نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں عوام کا ساتھ چاہتی ہے، تمام پارٹیوں اور لیڈروں نے عوام کے مسائل اور دکھوں میں اضافہ کیا ہے۔

جماعت اسلامی ترکی کی عوام کی طرح پاکستانی قوم کو بھی اسلامی انقلاب کی دعوت دے رہی ہے۔ قوم ہمارا ساتھ دے تو ملک میں قران و سنت کے بابرکت نظام سے عوام کے دکھوں کا مداوا کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے 11 جون کو مال روڈ پر ہونے والی عوامی مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف نجی سیکڑ اور دفاتر میں عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کیا۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کیلئے پیٹرولیم اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر کے عوام کا معاشی قتل کیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف چند مہینوں کے اقتدار میں حکومتی وزرا اپنے ملک کی معاشی حالات کو نظر انداز کیے بغیر بیرون ممالک کے دورں اور اپنی عیاشوں میں مصروف ہیں جبکہ غریب عوام فاقوں اور خدکشیوں پر مجبور دوہائیاں دے رہی ہے۔

میاں ذکر اللہ مجاہد عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی پارٹی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے۔ امیر لاہور نے کہا کہ 11 جون کو مال روڈ پر بھارت میں توہین رسالتﷺ، بجلی کی لوڈشیڈنگ، سودی نظام معیشت اور آئی ایم ایف کی غلامی کیخلاف بڑ ا عوام مارچ کریں گے جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اور بچے شریک ہوں گے۔