لاہور(لاہورنامہ) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ نے پنجاب بھر میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار کیخلاف جاری گرینڈ آپریشن کے دوران درجنوں غیرقانونی شکاری گرفتار کرلیے.
ان سے مبلغ تین لاکھ بارہ ہزار روپے جرمانہ وصول کرلیا۔ تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف عاصم کامران کی سربراہی میں سپیشل وائلڈلائف اسکواڈ پنجاب نے بارڈر بیلٹ ایریا تحصیل منچن آباد ضلع بہاولنگر میں جال اور بلار ہ کی مدد سے جنگلی بٹیر اور طوطوں کا شکار کرنے والے چھ شکاریوں کو سخت ترین مسلح مزاحمت کے باوجود مال مقدمہ سمیت گرفتار کرلیا ۔
ملزمان کیخلاف مسلح مزاحمت کے جرم کی پاداش میں تھانہ منڈی صادق گنج میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی جبکہ ملزمان کی جانب سے کیس کمپائونڈ کرنے پر مبلغ ایک لاکھ دس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کرلیاجبکہ وائلڈلائف اسکواڈ کے دیگر تین چالانات میں سے ایک مقدمہ عدالت کو بھیجا گیا اور بقیہ دو تاحال التواء میں ہیں۔ضلع بہاولنگرہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف منورحسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کتوں کیساتھ جنگلی سور کے شکار میں مصروف چھ افراد کو تحصیل فورٹ عباس سے گرفتار کرکے انہیں مبلغ ایک لاکھ اسی ہزار روپے جرمانہ کیا.
نیز بٹیر اور طوطوں کے غیرقانونی شکار پر دو چالانات مرتب کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر بہاولپور ریجن سید علی عثمان کے مطابق بہاولپور ریجن میں جنگلی بٹیر کے غیر قانونی شکارکیخلاف کریک ڈائون کے دوران ضلع بہاولپور سے چھ، رحیم یار خان سے پانچ اور بہاولنگر سے بارہ سیٹ اپ گیئر ز قبضے میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف محمد حسین گشکوری کے مطابق لیہ اور مظفر گڑھ سے سات سیٹ ا پ گیئرز برائے جنگلی بٹیر شکار قبضہ میں لے کر کارروئی شروع کردی ہے ۔ مزید براں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف منڈی بہائوالدین عدنان علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی حیات کی غیرقانونی خرید وفروخت کرنیوالے تین افراد گرفتار کرکے انہیں مبلغ بائیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا ۔